،تصویر کا ذریعہNETFLIX
پرتعیش رہن سہن کے لیے اپنے ہی بیٹے سے مبینہ فراڈ کرنے والی 84 سالہ برطانوی خاتون، جو حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایک ڈاکومینٹری میں دکھائی دیں تھیں، پر سنگاپور میں فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی اس ڈاکومینٹری، ’میٹر آف دی لاسٹ ورلڈ‘، کے منظر عام پر آنے کے بعد مقامی میڈیا کے مطابق 84 سالہ ڈیون میری کے مبینہ فراڈ کا نشانہ بننے والے مذید افراد بھی سامنے آئے ہیں جنھوں نے پولیس کو شکایات درج کروائی ہیں۔
سنگاپور کی رہائشی ڈیون میری پر الزام ہے کہ انھوں نے ان افراد سے پیسے لیے اور انھیں کہا کہ ان کو برونائی کے شاہی خاندان سے ملنے والی وراثت کے بعد واپس مل جائیں گے۔
2020 میں ڈیون نے لندن کے پیسٹری شیف گریہم ہورنیگولڈ سے رابطہ کیا تھا اور دعوی کیا کہ وہ ان کی بچھڑی ہوئی والدہ ہیں۔ بعد میں ہونے والے ایک ڈی این اے ٹیسٹ سے ثابت ہوا کہ ڈیون واقعی گریہم کی والدہ تھیں۔ تاہم ڈیون نے اپنے بیٹے کو بھی مبینہ طور پر اسی طرح فراڈ کا نشانہ بنایا۔
سنگاپور کے میڈیا چینل نیوز ایشیا کے مطابق ہفتے کے دن جب ڈیون کی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی ہوئی، جہاں ان پر فراڈ کے پانچ الزامات ہیں، تو وہ ایک ہسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی تھیں۔
ڈیون پر الزام ہے کہ انھوں نے سنگاپور اور فرانس میں تین افراد سے رابطہ کرنے کے بعد دعوی کیا کہ وہ برونائی کے شاہی خاندان کی رکن ہیں اور شدید بیمار ہیں۔ ان افراد نے ڈیون کو پیسے بھجوائے۔
،تصویر کا ذریعہNetflix
پرتعیش زندگی
اب تک یہ واضح نہیں کہ ڈیون کے فراڈ کا نشانہ بننے والے افراد نے مجموعی طور پر کتنی رقم کھوئی ہے تاہم سنگاپور پولیس کا دعوی ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق پانچ فراڈ کیسز میں اب تک دو لاکھ امریکی ڈالر کی رقم کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اگر انھیں سزا ہو جاتی ہے تو ان کو 20 سال تک کی قید ہو سکتی ہے اور جرمانہ اس کے علاوہ ہو گا۔ 25 مارچ کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی دستاویزی فلم ’مدر آف آل سکیمز‘ میں ڈیون اور گریہم کی ملاقات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اس دستاویزی فلم کے مطابق ڈیون نے اپنے بیٹے گریہم کو بتایا کہ وہ برونائی کے سلطان کی غیرقانونی لیکن امیر بیٹی ہیں اور اپنے بیٹے سمیت ان کے دوستوں کو قیمتی تحائف دیے جن میں گاڑیاں اور مکان بھی شامل تھے۔
گریہم، جو معروف ریسٹورنٹ میں کام کرتے ہیں، اور ڈیون کا تعلق مضبوط ہوتا چلا گیا۔ تاہم پھر ڈیون نے اپنے بیٹے اور ان کے دوستوں کے ذریعے اپنے بلوں کی ادائیگی کروانا شروع کی اور ایک دن اچانک غائب ہو گئیں۔
گریہم کے مطابق انھوں نے اس طریقے سے تین لاکھ پاؤنڈ گنوا دیے۔
دستاویزی فلم کے مطابق ڈیون کو ماضی میں برطانیہ میں چوری اور فراڈ کے الزامات میں سزا ہو چکی تھی۔